• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی نے استعفوں پر حالات کے مطابق فیصلہ دیا، رانا ثنا


مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ کہتے ہیں پیپلزپارٹی نے استعفوں پر حالات کے مطابق فیصلہ دیا ہے اور اس متعلق اپنا موقف دلیل سے پیش کیا ہے۔

انسدادمنشیات عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدرمسلم لیگ نون پنجاب راناثنااللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک سے حکومت پر عوامی دباؤ کا سلسلہ جاری رہے گا، نااہل ٹولے کو اتار کر ملک و قوم کی جان چھڑائی جائے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گھبرایا ہوا شخص کبھی کہتا ہے کہ میں گھبرایا ہوا ہوں؟ وزیراعظم کی حرکتیں دیکھیں وہ گبھرائے ہوئے ہیں، ان کے ترجمانوں کی فوج دفاع کیلئے روز بیٹھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آیا تو اسمبلیاں معطل کرکے استعفے دئیے جائیں گے، فیصلہ کن لانگ مارچ کے بعد استعفوں کا فیصلہ ہوگا،یہ حکومت کام توپہلےہی نہیں کررہی صرف اپوزیشن سے ٹکراؤ کررہی ہے۔

رانا ثنا نے کہا کہ یکم فروری کو پی ڈی ایم اجلاس میں پڑاؤ کی جگہ اور تاریخ طے ہوگی،سب کو علم ہے پڑاؤ پنڈی میں ہوا تو کہاں اور اسلام آبادمیں ہواتو کہاں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے 3ماہ اپوزیشن کے جلسوں پر توجہ دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے متعلق بات کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں ان سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں،عمر شیخ کو ایسی گفتگو سے کیا حاصل ہوا ، پولیس افسران ان لوگوں کے ملازم بننے کی بجائے فرض ادا کریں۔

تازہ ترین