لاہور (نمائندگان جنگ)شدیددھند کے باعث مختلف علاقوں میں پیش آنیوالے حادثات کے باعث پانچ افراد جاں بحق اوردس زخمی ہوگئے۔دھندسے ملک بھر میں کاروبار زندگی مفلوج ہوگیا ، پروازوں اور ٹرینوں کی آمد ورفت کے شیڈول متاثر ہوئے جس سے مسافر پریشان ہیں جبکہ پنجاب، کے پی کے اور کشمیر میں آج سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ بتایاگیاکہ ساہیوال کے علاقہ ہڑپہ میں تیزرفتارکار نمبری 6604/LEA چیچہ وطنی جاتے ہوئے اڈہ 6والا پھاٹک کے قریب درخت سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں 19سالہ محمد عثمان ‘21سالہ حماد موقع پرجاں بحق جبکہ ذیشان شدید زخمی ہوگیا جسے ریسکیو1122کے عملہ نے طبی امداد دیکر فوری ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ جڑانوالہ میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق 9 مسافر زخمی ہو گئے جن میں تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود میں شیخوپورہ روڈ پر سکیورٹی وین ہیوی ٹرالے سے ٹکرانے کے باعث شفاقت علی جاں بحق جبکہ لیاقت علی،خادم اورجاوید جعفر شدید زخمی ہو گئے۔ مکوآنہ بائی پاس پر ٹرک اور کار کے تصادم میں ثوبیہ زوجہ عاطف اور اسکی دو بیٹیاںکرن اورعروج زخمی ہو گئیں، چھوٹا محمد والا میں شیخوپورہ روڈ پر موٹر سائیکلیں ٹکرانے سے محمود الحسن جاں بحق ،دوخواتین رشیدہ بی بی،آرزواونادر شدید زخمی ہو گئے۔ تھانہ ستیانہ کی حدودمیں چک نمبر 35 گ ب میں 8 سالہ عبداللہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ ٹریکڑ ٹرالی تلے آ کر دم توڑ گیا۔گزشتہ روز بھی پنجاب سمیت ملک بھر میں شدید دھند چھائی رہی جسکے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ،مختلف مقامات پر موٹر ویز کو بند کردیا گیا،پروازوں اور ٹرینوں کاشیڈول بری طرح متاثر ہوا ۔ لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اندرون و بیرون ملک 12پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، ایک پرواز کی روانگی منسوخ 5کی تاخیر کا شکار ہوئی، آنے والی 6پروازوں کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ادھر ریلوے حکام کے مطابق دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، کراچی سے براستہ فیصل آباد، لاہور پشاور اور راولپنڈی جانے والی تمام ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں،لاہور جانے والی قراقرم اور ملت ایکسپریس تین گھنٹے، راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس چار گھنٹے ، پشاور جانے والی سرسید اور رحمان بابا ایکسپریس چار چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں جسکے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔لاہورمیں شدید دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر،جہلم میں 10،گوجرانوالہ 30،فیصل آباد اور جوہرآباد میں 50 ،گجرات اور قصور 100،حافظ آباد میں 200 جبکہ بہاولپور میں 4سو میٹر حد نگاہ ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار سے منگل تک بارش برسائے گا، جس میں کشمیر کے علاوہ ملک کے بالائی علاقوں، پنجاب میں لاہور، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ساہیوال اور فیصل آباد سمیت اکثر شہروں میں بارش کا امکان اورخیبر پختونخوا میں پشاور، کوہاٹ، ایبٹ آباد، سوات اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کابھی امکان ہے۔دھند کے باعث حادثہ ۔