ملتان (آئی این پی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم فیصلہ کرچکے ہیں، 31 جنوری تک وزیراعظم عمران خان کا استعفی نہیں آئے گا، کسی کے دبا ومیں آکر استعفی نہیں دیں گے،پی ڈی ایم کی ساڑھے 5 گھنٹے کی طویل نشست بے نتیجہ رہی، پوری قوم پی ڈی ایم کی حقیقت جان چکی ہے، احتجاج سے ہمیں کوئی ٹینشن نہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم فیصلہ کرچکے ہیں کسی کے دبا ومیں آکر استعفی نہیں دینگے،31جنوری کو وزیراعظم کا استعفی نہیں آئے گا، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے کہنے پر یا ان کے دباو پر مستعفی نہیں ہوں گے، اداروں نے قانون کے مطابق ذمہ داریاں نبھانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم 31 جنوری کا انتظار کیوں کر رہی ہے؟، ہمارے پاس عوام کا مینڈیٹ ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے، عمران خان پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ساڑھے 5 گھنٹے کی طویل نشست بے نتیجہ رہی، پوری قوم پی ڈی ایم کی حقیقت جان چکی ہے۔