پنڈی گھیب(نمائندہ جنگ) پنڈی گھیب سے راولپنڈی جانے والی ویگن میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس سےایک نوجوان جھلس کر جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔ واقعات کے مطابق ہفتہ کے روز دن دو بجے ہائی ایس نمبر LET1452مسافروں کو لیکر راولپنڈی جا رہی تھی کہ ماجھیا سٹاپ کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی افراد نے ملکر آگ پر قابو تو پا لیا لیکن اس وقت تک گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی گاڑی میں سوار 34 سالہ تنویر حیدر سکنہ توت تحصیل پنڈی گھیب جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ صدیق اللہ سکنہ افغانستان حال مقیم پشاور شدید زخمی اور دیگر چار افراد معمولی زخمی ہو ئے۔ متوفی تنویر اپنے بھائی کی شادی میں شرکت کرنے کے بعد واپس اپنی ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔