وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مچھ کوئلہ فیلڈ فائرنگ واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جام کمال نے فائرنگ میں ملوث عناصرکی فوری گرفتاری کیلئے تمام وسائل استعمال کرنےکی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے زخمی کان کنوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔
جام کمال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق ہو گئے۔
مچھ کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ سے زخمی کان کنوں کی تعداد 4 ہے، پولیس کے مطابق زخمی کان کنوں کی حالت تشویش ناک ہے، جنہیں مچھ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔