بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی اہلیہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل ایک ایسے سوال کا سامنا کر رہی ہیں جس نے انہیں تنگ کر رکھا ہے۔
بھارت کے ڈیجیٹل میڈیا کیلئے اپنے تازہ کالم میں ٹوئنکل نے انکشاف کیا کہ وہ 20 سال سے یہ سن رہی ہیں کہ ’اسٹار وائف‘ ہونے کا احساس کیسا ہے؟
سابقہ اداکارہ نے بتایا کہ اب انہوں نے اس سوال کو اپنے انداز میں سنبھالنا سیکھ لیا ہے اور اس کا جواب عقل و دانش کے موتیوں سے دیتی ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انٹرویوز کے دوران پوچھا جاتا ہے، ’’آپ ایک اسٹار وائف ہیں، یہ کیسا لگتا ہے؟‘‘ تاہم اس پر ردِ عمل تو یہ دینے کا دل چاہتا ہے کہ رپورٹر کی انگلی کاٹ لوں لیکن میں جواب دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں جواب دیتی ہوں کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ کوئی ایسی چیز وجود رکھتی ہے جسے اسٹار وائف کہا جا سکے۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’20 سال سے اس پریشان کُن سوال کا جواب دینے کے بعد میں نے کستورا مچھلی (oyster) کی طرح ان چبھنے والی باتوں کو قبول کرنے اور ان سے دانش کے موتی بنانے کا ہنر سیکھ لیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’اکثر مجھ سے ہمارے سیاسی نظریات کے فرق پر سوالات کیے جاتے ہیں بلکہ مجھے اس کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا جاتا ہے۔ یہ ایسے ہے جیسے لوگ سمجھتے ہیں کہ اکشے میرے شوہر نہیں بلکہ کوئی چھوٹے بچے ہیں، جنہیں میں یہ کہوں، ’’بیٹا جی، براہِ کرم سڑک کے بائیں طرف چلیں، میں آپ کو فروٹی دوں گی۔‘‘
خیال رہے کہ ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار 17 جنوری 2001 کو شادی کے بندھن میں بندھے۔ ان کے دو بچے ہیں، بیٹا آرو اور بیٹی نیتارا۔