• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احیائے پشاور منصوبے پر مختلف محکموں میں مضبوط ربط ہے، اکبر ایوب خان

پشاور(نیوز ڈیسک)صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان اور ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان نے احیائے پشاور منصوبے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ احیائے پشاور منصوبے کے حوالے سے مختلف محکموں کے مابین مضبوط ربط ہے اور باہمی صلاح مشورے سے کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی اور وفاقی محکمے اپنے کام کو بہتر انداز سے کر رہے ہیں۔انہوں نے اس خبر کی تردید کی کہ احیائے پشاور منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے، منصوبے پر کام جاری ہے۔ ضرورت کے مطابق سوئی گیس کے لیے پائپ لائن اور فائبر نیٹ کیبل بچھانے پر کام جاری ہے جس کی وجہ سے ان جگہوں پر کام ابھی بند ہے جو کہ اس کام کی تکمیل کے بعد جلد از جلد شروع کر دیا جائے گا جبکہ دیگر منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس حوالے سے حلقے کے مقامی ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان نے کہا کہ احیائے پشاور منصوبے کے تحت تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو دو کروڑ 20 لاکھ روپے دیے گئے تھے اسی طرح سوئی گیس کے کام کے لیے 32 لاکھ روپے گیس محکمے سے لیے گئے ہیں جو کہ کھدائی کے بعد ان جگہوں پر لگائے جائیں گے جس کا ٹینڈر بھی ہو چکا ہے۔ فائبر نیٹ کیبل بچھانے والی کمپنی سے بھی 20 لاکھ روپے لئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں جب گیس پائپ لائن اور فائبر نیٹ کیبل بچھائی جائیں گی تو مزید 52 لاکھ روپے بھی اسی منصوبے پر لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم منصوبہ ہے ،روڈ کا تعمیراتی کام بھی مکمل ہو جائے گا اور اہلیان علاقہ کو سوئی گیس اور فائبر نیٹ کی سہولیات بھی میسر ہو جائیں گی۔وزیر بلدیات اکبر ایوب خان اور ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان نے تردیدی خبر میں کہا ہے کہ تمام کام بہترین اور معیاری ہورہا ہے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بطریقہ احسن پوری کر رہے ہیں۔
تازہ ترین