• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے نئے این ایف سی ایوارڈ کا تعین کیا جائے ،خورشید شاہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اپوزیشن لیڈر اور  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کو آٹھویں  قومی مالیاتی کمیشن  (این ایف سی) ایوارڈ  کے حوالے سے خط لکھ دیا ۔ اس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ  وسائل کی منصفانہ تقسیم کیلئے  نئے   این ایف سی اوارڈ  کا تعین کیا جائے،تقسیم کے فارمولے میں غربت  اور پسماندگی جیسے عوامل کو بھی مد نظر رکھا جائے،این ایف سی  ایوارڈ کے حوالے سے لکھے گئے خط میں  سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ  7ویں  این ایف سی  ایوارڈ  کی مدت 30 جون 2015 کو ختم  ہوچکی ہے جس کے بعد نیا این ایف سی ایوارڈ  تقریباَ دو سال سے تاخیر کا شکار ہے اور  اس ایوارڈ کو  صدارتی حکم نامے کے  ذریعے ایک سال کی توسیع دی گئی تھی این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے  صوبوں میں وسائل  کی تقسیم کا تعین کیا جاتا ہے اور صوبوں میں وسائل کی حقیقت پسندانہ تقسیم کے  لئے جلد از جلد  نئے صاف شفاف  این ایف سی اوارڈ  کے تعین کی ضرورت ہے۔خورشید شاہ کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا  ہے کہ  اس وقت صوبوں میں فنڈ ز کی تقسیم  آبادی کی بنیاد پر کی  جارہی ہے  تاہم غربت  اور پسماندگی جیسے عوامل کو بھی وسائل کی تقسیم کے فارمولے میں مد نظر رکھا جائے ۔ انکا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس حوالے سے  قومی مفاد  میں جلد اور بہتر  فیصلہ کیا جائیگا ۔واضح رہے کہ پاکستان میں قومی وسائل کی تقسیم کا کوئی متفقہ فارمولا نہیں ہے جس کے باعث وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ کے اعلان میں ہمیشہ مشکلات کا شکار رہتی ہے، جبکہ صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
تازہ ترین