• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرعزم کشمیری انشاء اللّٰہ کامیاب ہوں گے، کور کمانڈرز کانفرنس


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 238ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی داخلہ اور علاقائی سیکیورٹی اور ملک کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں اندرونی سلامتی، سرحدوں کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال اور ’یوم حق خودارادیت‘ پر کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

کور کمانڈرز نے کہا کہ سیکیورٹی خطرات کی مکمل شکست جامع قومی کوششوں کی بدولت ہی ممکن ہے، جس میں معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کا دہائیوں کا ظلم بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا، پرعزم کشمیری انشاء اللّٰہ کامیاب ہوں گے۔

کور کمانڈر کانفرنس نے افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کی گئی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ صلاحیت کا اعلیٰ معیار تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہوتا ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی زندگیاں داؤ پر لگانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہر طرح کے خطرے کو مکمل شکست صرف قومی کوشش سے ہی ممکن ہے، قومی کوشش میں معاشرے کا ہر طبقہ اپنا منصفانہ کردار ادا کرتاہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے ملک میں امن و استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے تمام شہداء اور اُن کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تازہ ترین