• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت نہ چھوڑنے کی وجوہات بتادیں

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاقی حکومت سے الگ نہ ہونے کی وجوہات بتادیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو جواب دیتےہوئے ترجمان ایم کیو ایم نے کہاکہ ہماری وفاقی حکومت سے علیحدگی کی صورت میں سندھ پر مسلط ٹولہ وفاق پر بھی مسلط ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی وفاقی حکومت میں شمولیت سے کرپٹ مفاد پرست ٹولہ اقتدار میں آنےسے دور ہے۔


ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ 50 برس سے پیپلز پارٹی کے حکمرانوں اور خاندانوں نے سندھ کو برباد کیا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ بلاول بھٹو چیئرمین سینیٹ کو دیئے جانے والے ووٹوں کی مجبوری بتائیں؟، پی پی چیئرمین اپوزیشن اتحاد میں وعدہ کرکے استعفیٰ نہ دینے کی مجبوری بتائیں؟

ترجمان ایم کیو ایم نے یہ بھی کہا کہ پی پی چیئرمین حکومت کے غیراعلانیہ اتحادی ہوکر کس منہ سے ایم کیو ایم کو باہر آنے کا مشورہ دے رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ بلاول کو ایم کیو ایم سمجھ نہیں آتی تو اپنا وفد مطالعاتی دورے پر ہمارے مرکز بھیجتے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے سوال پوچھا کہ چند ماہ قبل بلاول بھٹو کی ایم کیوایم کو 2 وزارتوں کی پیشکش کس سازش کا حصہ تھی؟

انہوں نے کہاکہ مردم شماری میں کراچی سے ناانصافی ذوالفقارعلی بھٹو کے دور سے شروع ہوئی، بلاول بھٹو شہری سندھ کے عوام کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ بلاول کی سیاست شعبدہ اور دکھاوا ہے، پیپلز پارٹی وکٹوں کے دونوں طرف کھیل رہی ہے۔

تازہ ترین