• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کا حکم

اسلام آباد (اے پی پی):سپریم کورٹ نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت فروری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمی نے 30 نئی احتساب عدالتیں ایک ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے نیب اور حکومت سے آئندہ سماعت تک پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔ عدالت عظمی نے حکومت کو مستقل سیکرٹری قانون تعینات کرنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس کا فیصلہ رواں ماہ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔ منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ احتساب عدالتوں کے قیام کو کیوں لٹکایا جا رہا ہے؟ عدالتی استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سہیل محمود نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خزانہ اور اسٹبلشمنٹ ڈویزن سے منظوری ہوچکی، گیارہ جنوری سے عملے کی بھرتیاں شروع ہونگی، دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ احتساب عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟ دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایا کہ لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس میں 29 میں سے 18 گواہیاں مکمل ہوگئی ہیں ، نیب 7 گواہان کے بیان نہیں کرائے گا، احتساب عدالت میں اب تک 29 سماعتیں ہوئیں، نیب نے صرف ایک التواء لیا، نیب نے التواء پراسیکیوٹر کو کورونا ہونے کی وجہ سے لیا، ملزمان کی جانب سے بار بار التواء مانگا گیا،سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کراچی کو لاکھڑا پاور پلانٹ کرپشن کیس کا فیصلہ رواں ماہ ہی کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

تازہ ترین