اسلام آباد ( مہتاب حیدر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا کہ آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے فیصلے میں تاخیر سے آئی ایم ایف کو اپنی شرائط منوانے کاموقع مل گیا ۔ اسے علم ہو گیا تھا کہ حکومت کے پاس اپنی شرائط منوانے کا موقع نہیں رہا ۔اگر حکومت بر وقت فیصلہ کرلیتی تو پاکستان بات چیت کر نے کے قابل ہو تا اور ملکی مفادات کا تحفظ کیاجاتا لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے پہلے سال میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ، بعد ازاں حکومت کو آٓ ئی ایم ایف کی تمام شرائط تسلیم کر نا پڑی ۔اپنے ایک انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ مالی گنجائش اس قدر محدود ہو چکی تھی کہ ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر نا پڑی ۔شرح سود میں اضافے کے باعث قرضوںکی ادائیگی کا حجم 1500 ارب سے بڑھ کر 2900 ارب روپے تک پہنچ گیا ۔