• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مچ، اپوزیشن آج کوئٹہ جائے گی


لاہور( ایجنسیاں‘جنگ نیوز)اپوزیشن رہنما بلاول بھٹو ‘مریم نواز اور مولانا غفور حیدری اپنے وفودکے ہمراہ ہزارہ برادری سے تعزیت اور اظہار یکجہتی کیلئے آج کوئٹہ جائیں گے۔

مریم نواز نے لواحقین سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ اپنے پیاروں کی میتیں سپرد خاک کردیں‘ آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں ‘وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے ہمراہ آج کوئٹہ پہنچیں گے اور ہزارہ کمیونٹی کے دھرنے میں شریک ہوں گے۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جمعرات کو (آج) مچھ سانحہ کے متاثرین سے ملاقات کیلئے کوئٹہ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے متاثرین میتوں کی تدفین کی اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔

چار دنوں اور راتوں سے شدید سردی میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے‘یہ ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔

بدھ کو اپنے بیان میں مریم نواز نے مچھ میں قتل ہونے والے کان کنوں کی میتوں کے ساتھ احتجاج کرنے والوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میری دکھی مائوں، بہنوں کیلئے اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں۔

پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے‘ میںاور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں‘ وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں ۔

تازہ ترین