• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوہر خان نے بولڈ سینز نہ کرنے کی وجہ بتادی

بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے ساتویں سیزن کی فاتح ماڈل اور اداکارہ گوہر خان نے مداحوں کو بولڈ سینز نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

سال 2020 میں 25 دسمبر کو معروف بالی ووڈ میوزک کمپوزر اسماعیل دربار کے بڑے بیٹے زید دربار کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان نے اپنے ایک انٹرویو میں فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتائی ہے۔

گوہر خان نے انٹرویو میں کہا کہ ’میں اپنے تمام چاہنے والوں کو یہ بات واضح کردوں کہ میں کبھی بھی کوئی بولڈ سین نہیں کروں گی۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا  کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں گزشتہ کئی عرصے سے فلمیں نہیں کررہی ہوں کیونکہ مجھے جس طرح کے کردار ادا کی پیشکش کی جارہی ہیں، میں خود کو اُن کرداروں کے لیے موزوں نہیں سمجھتی ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’بطورِ اداکار یہ میری ذمہ داری کے میں لوگوں تک اچھی چیز پہنچاؤں اور اپنے کردار کے ساتھ انصاف کروں۔‘

گوہر خان نے کہا کہ ’میں نے اداکاری کی دُنیا میں بھی اپنے لیے کچھ حدود قائم کی ہوئی ہیں اور میں یہ ہرگز نہیں چاہتی ہے کہ کسی فلم کا حصہ بننے کے لیے میں اُن حدود کو پار کروں۔‘

واضح رہے کہ گوہر خان گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کسی بھی فلم یا ویب سیریز کا حصہ نہیں رہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان اور زید دربار سال 2020 میں جمعتہ المبارک کے موقع پر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

اس جوڑے نے بعد نمازِ جمعہ ممبئی میں رشتہ داروں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کیا تھا۔

تازہ ترین