• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد خاقان کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات، ہفتے کو پھر ملیں گے

شاہد خاقان کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات


اسلام آباد (زاہد گشکوری) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔ وہ ہفتے کے روز ایک بار پھر نوازشریف سے ملاقات کریں گے، جہاں پارٹی کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ جمعرات کے روز دونوں رہنمائوں نے پارٹی کے سیاسی امور، پی ڈی ایم تحریک کے نتائج، سینیٹ کے آئندہ انتخابات پر تفصیلی گفتگو کی اور انہوں نے نوازشریف کو شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے 6 جنوری، 2020 کو واشنگٹن سے لندن کا سفر کیا جہاں انہیں برطانیہ میں مقیم ن لیگ کے سینئر رہنمائوں سے بھی ملاقات کرنا ہے۔وہ 12 جنوری سے قبل وطن واپس آجائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق، ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی قیادت کو پیش آنے والے مسائل سے متعلق اپنی رائے سے نوازشریف کو آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی ، شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی نوازشریف تک پہنچائیں گے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ صورت حال سے متعلق اپنی قیمتی رائے بھی دیں گے کہ کیا وہ پی ڈی ایم کی محاذ آرائی والے راستے پر چلتے رہیں گے۔ جب کہ شہاز شریف کے پیغام میں بھی وزن ہوگا اور ممکن ہے ن لیگ کا موقف متعدد امور پر تبدیل ہوجائے۔

تازہ ترین