کوئٹہ (نمائندہ جنگ)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان آپ کے غرور و تکبر کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے،وفاقی حکومت کا رویہ دہشت گردوں کو شہ دیتا ہے، مچ شہدا کی تدفین میں رکاوٹ لواحقین نہیں وزیراعظم ہیں۔ 10لوگوں کو نہیں بلکہ 22کروڑ عوام کو ذبح کیاگیاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مغربی بائی پاس پر مچ واقعہ کے لواحقین اور ہزارہ برادری کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ مل کر یہی رو رہے ہیں کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور ایک اسلامی اور جمہوری ملک میں یہ درندگی، یہ بربریت اور یہ وحشت کیوں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بھائیوں کو گولیاں ماریں اورر ذبح کیا گیا لیکن اس سے بڑھ کر ظلم یہ ہے کہ یہاں کچھ لاشیں موجود ہیں جن میں روح نہیں ہے اور کچھ زندہ لاشیں اسلام آباد میں ہیں جو مظلوم کی آواز، ان کی آہ و بکا اور فریاد نہیں سن رہے ہیں جو اپنے آپ کو حکمران کہتے ہیں۔