کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ضد منوا کرفاتحانہ طور پر کوئٹہ پہنچے ہیں، قوم نے آپ کا چہرہ دیکھ لیا کہ آپ میں ہمدردی نہیں سفاکی ہے۔انہوں نے مظلوم بچوں کو شکست دی،یہ بلیک میلنگ نہیں بلکہ انسانی ہمدردی ہے، انسان ہی اس دکھ کو محسوس کرسکتا ہے، عمران خان کے رویے کی مذمت کرتے ہیں،کیا نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جب مسجد میں بم دھماکا ہوا، ان کے پاس گئیں، تو انہوں نے کوئی مطالبہ نہیں رکھا، انہوں نے کہا کہ مریم نواز، بلاول بھٹو اور عبدالغفور حیدری گئے وہاں ہمدردی کی کہ پوری قوم آپ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفاک اور سنگدل بھی ہیں، ایک سلیکٹڈ نے مجبور بے کس لوگوں کی بات ماننے سے انکار کردیا، 6دنوں سے منفی درجہ حرارت میں میتیں رکھ کر بیٹھے رہے، وہ کہتے رہے کہ وزیراعظم باپ کا درجہ رکھتا ہے کہ ہمارے سروں پر ہاتھ رکھ دیں، یقین دہانی کروا دیں کہ آئندہ یہ قیامت نہیں آئے گی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پی ٹی آئی لانگ مارچ کا بہت گہرا تعلق ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں وہی ہاتھ تھے جو لانگ مارچ کے پیچھے تھے، آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد سازش دم توڑگئی، اسی لیے فارن فنڈنگ کیس نہیں کھولا جارہا، اب عمران خان کی حکومت ہے ذمہ داروں کو سامنے لائے۔