• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ کی سابقہ منیجر 200کلو منشیات سمیت گرفتار

بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا کی سابقہ منیجر راحیلہ فرنیچر والا کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی نے ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں چھاپہ مارا اور 200 کلو گرام گھانجا برآمد کر کے 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا کی سابقہ منیجر راحیلہ، ان کی بہن شائستہ اور کرن سجنانی نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ برطانوی شہری ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایک اطلاع پر باندرہ ویسٹ میں چھاپہ مارا گیا جہاں فلیٹ سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی اور وہاں سے گرفتار غیرملکی شہری سے تفتیش کی گئی تو یہ دائرہ خواتین تک جا پہنچا۔

دونوں خواتین بالی وڈ اداکاروں اور دیگر بڑی شخصیات کو منشیات پہنچانے میں ملوث ہیں جبکہ اس کیس کا تعلق سشانت سنگھ راجپوت کیس سے بھی ہے۔

این سی بی نے تینوں افراد کی گرفتاری کے بعد مقدمہ درج کرلیا، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین