کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے کے ایچ اے ہاکی کمپلکس کا دورہ کیا اور وہاں آ سٹرو ٹرف کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آ سٹرو ٹرف کی تنصیب سے کراچی میں ہاکی کی ترقی میں مدد ملے گی۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسع جلیل اور محمد فاروق خان کی سربراہی میں کے ایچ اے درس سمت میں ہاکی کو فروغ دے رہی ہے۔ کے ایچ اے کمپلیکس میں آسٹروٹرف کی تنصیب کے بعد کراچی سے مزید کھلاڑی سامنے آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ماضی میں اس شہر نے بے شمارکھلاڑی ملک کو دیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محمد فاروق خان کیساتھ پی ایچ ایف کا تعاون جاری رہے گا ۔ دورے کے موقع پر شہباز احمد سینئر کے ہمراہ اولمپئن کامران اشرف، اسدظہیر، طارق خان بھی موجود تھے۔