سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم کراچی کے ساحلِ سمندر سی ویو پر گندگی کے ڈھیر دیکھ کر اداس ہوگئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شنیرا اکرم نے اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ کراچی کے ساحلِ سمندر سی ویو پر موجود ہیں۔
مذکورہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شنیرا کے اردگر پلاسٹک کا کچرا پڑا ہوا ہے۔
شنیرا نے اس گندگی کو دیکھ کر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سی ویو کی گندگی صاف کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کے بعد بھی پلاسٹک کا یہ کچرا دیکھ کر دل دُکھ رہا ہے۔‘
وسیم اکرم کی اہلیہ نے پاکستان عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آئیے! ہم سب ملکر ایک عہد کرتے ہیں، ہم اس سال اپنے ماحول کی حفاظت کریں گے اور پلاسٹک کو دوبارہ استعمال کریں گے۔‘
شنیرا اکرم نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’میں اس عہد کو پورا کرنے لیے نکل گئی ہوں، کیا آپ بھی اپنا عہد پورا کریں گے؟‘
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شنیرا نے کراچی کے ساحل پر گندگی اور سرنجوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد کراچی کے ساحل پر پھینکی گئیں سرنجیں اُٹھالی گئی تھیں۔