• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم مدد مانگ رہے ہیں لیکن کوئی سُننے والا نہیں، شنیرا اکرم

کراچی کے ساحل پر موجود گندگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم بھی سی ویو پہنچ گئیں۔

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ کراچی کے ساحل پر موجود ہیں جبکہ تصویر میں ساحل پر موجود کچرہ اور گندگی بھی واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے۔

شنیرا اکرم نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارا شہر روزانہ ہمیں بتا رہا ہے کہ وہ تکلیف میں ہے، ہم مدد کے لیے اپنی آواز بھی بُلند کر رہے ہیں لیکن ہماری آواز سُننے والا کوئی نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اس گندگی نے ہمارے شہر، ہمارے لوگوں اور ہماری ثقافت کو شرمندہ کیا ہے، یہ ہم نہیں ہوسکتے۔‘

شنیرا نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’گندگی صرف ساحل پر موجود نہیں بلکہ شہر میں ہر جگہ ہی کچرا موجود ہے۔‘

سابق کرکٹر کی اہلیہ نے لکھا کہ ’گلی کوچوں، اسکولوں کے باہر، خالی مکانوں، دفاتر کے باہر، گھروں کے سامنے اور یہاں تک کہ ہمارے واحد ساحل پر بھی گندگی کے ڈھیر ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر دیکھا جائے تو ہم کچرے کے ڈھیر میں تیراکی کر رہے ہیں۔‘

دوسری جانب سابق کرکٹر وسیم اکرم بھی کراچی سی ویو کی حالت دیکھ کر مایوس ہوگئے، اُنہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہفتے کے پہلے روز اہلیہ کو سی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں کسی پر الزام نہیں لگانا کیونکہ اس سب گندگی کے ذمہ دار ہم خود ہیں کیونکہ ہم سمندر میں گند پھینکتے ہیں تو ساحل پر آتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال شنیرا نے کراچی کے ساحل پر گندگی اور سرنجوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد کراچی کے ساحل پر پھینکی گئیں سرنجیں اُٹھالی گئی تھیں۔

تازہ ترین