• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کی تحریک بری طرح ناکام ہوگئی ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے متعلق کہنا ہے کہ  یہ ابو بچاؤ تحریک ہے، پی ڈی ایم کی تحریک بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

فواد چوہدری نے قائداعظم یونیورسٹی میں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گول وال کا افتتاح کردیا، اس دوران چوہدری نے خطاب کے دوران کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک بیٹھ گئی ہے، انہیں جلسوں میں اچھا ردعمل نہیں ملا، یہ ابو بچاؤ آپریشن تھا جو ناکام ہوا۔

فواد چوہدری نے تعلیمی شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں تبدیلی یونیورسٹیاں ہی لائی ہیں،امریکا میں یونیورسٹی کے ذریعے ہی تبدیلی آئی، معاشرے کی ترقی کا اندازہ ملک کی یونیورسٹیوں سے لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 70 سال کے بعد آج پاکستان میں 200 سے زائد یونیورسٹیاں ہیں، ہماری بہت سی یونیورسٹیوں نے انٹرنیشنل معیار کا کام بھی کیا ہے، بہت سے پاکستانیوں نے پاکستان سے باہر جا کر زیادہ اچھا کام کیا ہے، طلبہ کو چاہیے اب مقامی مسئلوں کو دیکھے اور ان کے حل نکالیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکٹر کی انڈسٹری ہم نے کھڑی کی، جلد ہی پاکستان ڈائیلیسز اور ایکسرے مشن بھی بنائے گا، الیکٹرک گاڑیوں کی انڈسٹری بھی ہم نے کھڑی کی۔

اُن کا پاکستان کی میڈیا انڈسٹری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا میں جہاں بہت نوکریاں گئیں وہاں یوٹیوب چینل نے بہت کام کیا ہے، دنیا کے نئے ٹرینڈز کو ہم نے سامنے رکھنا ہے، ٹیلی گرام ،فیکس ختم ہوگئے ہیں، الیکٹرک گاڑیاں آنے سے میکینک کو 10سال سے زیادہ روزگار نہیں مل سکے گا۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم نے واٹس ایپ سے متعلق قانون لانے کا ایک ڈرافٹ بنالیا ہے جووزیراعظم عمران خان کو بھیجیں گے، پاکستان کے شہریوں کی پرائیویسی حقوق بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے یورپی ممالک کے لوگوں کے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی حکومتوں نے بجلی کے معاہدوں پہ پیسے لگائے، بجلی کی تقسیم پہ پیسے نہیں لگائے جس کی وجہ سے ہمیں بجلی ٹرپ کے مسائل کا سامنا ہوا۔

فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، وزارت داخلہ کو چاہیے نواز شریف کو واپس لائے، نواز شریف جیسے باہر گئے یہ پاکستان کے شہریوں اور حکومت کے لیے شرمندگی ہے۔

تازہ ترین