• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، بیلجیئم نے پابندیوں میں یکم مارچ تک توسیع کردی

بیلجیئم نے عالمی وباء کورونا وائرس کے لیے لگائی جانے والی پابندیوں میں یکم مارچ تک توسیع کردی۔

اس توسیع کا مقصد کورونا وائرس کی تیسری ممکنہ لہر سے بچائو اور انفیکشن ریٹ میں کمی کو برقرار رکھنا ہے۔ بیلجئین ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ بیلجئین آفیشل جرنل میں شائع شدہ سرکاری وزاراتی فرمان ( Ministerial Decree ) کے ذریعے سامنے آیا ہے۔

اس وزاراتی فرمان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قبل ازوقت نرمی کو روک کر وائرس کے نئے پھیلاؤ کی بحالی کے راستے کو مسدود کرنا ہے۔

یاد رہے کہ ان اقدامات کے تحت نومبر سے ملک میں تمام بار، کیفے، ریسٹورنٹ، حجام کی دکانیں اور ذیلی سروسز سمیت تمام بیوٹی سیکٹرز بند پڑے ہیں۔

جبکہ فوڈ سیکٹر اور دیگر کھلی ہوئی مارکیٹس میں لازمی ماسک پہننے کے ساتھ ہر شخص کے لیے خریداری کا ایک کم از کم وقت مقرر ہے۔ اسی طرح شہریوں سے مسلسل اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ بلا ضرورت اپنے پڑوسی ممالک میں جانے سے بھی گریز کریں۔

دوسرے اعلان میں ان پابندیوں کو فروری تک بڑھایا گیا تھا لیکن اب اس میں مزید توسیع کرتے ہوئے ان پابندیوں میں یکم مارچ تک اضافہ کردیا گیا ہے ۔

تازہ ترین