• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا کے خلاف سیریز، پلیئنگ الیون کا انتخاب کپتان بابر اعظم کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں 11 کھلاڑیوں کا انتخاب کپتان بابر اعظم کریں گے۔ وہ ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشورہ کرسکتے ہیں۔ 

بابر اعظم کی ذمے داریوں کا تعین کیا گیا ہے کہ ان کے پاس ڈریسنگ روم میں مشورے کے لئے تین کپتان مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان موجود ہوں گے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جنگ میں شائع ہونے والی خبر کو درست قرار دیا ہے کہ جنوبی افریقا کی سیریز کے لئے 20 کھلاڑیوں کا اعلان جمعے کو کراچی میں سلیکشن کمیٹی کی حتمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ 

ٹیم سلیکشن میں کپتان بابر اعظم کو کردار اہم ہوگا۔ یقینی طور پر مصباح الحق بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ ٹیسٹ سے قبل سولہ کھلاڑیوں کا اعلان ہوگا جبکہ گیارہ کھلاڑی بابر اعظم، مصباح الحق کے مشورے سے منتخب کریں گے۔

بدھ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان 15 جنوری کو کراچی میں کروں گا۔ ابتدائی طور پر 20 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کروں گا۔ 

ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد حتمی 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، محمد وسم نے کہا کہ سب سے پہلے سلیکشن کمیٹی میں شامل تمام چھ ہیڈ کوچز سے مشاورت کی پھر کوچ مصباح الحق اور کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم سے بھی مشاورت کی گئی۔

دورہ نیوزی لینڈ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا ہے، ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان سے قبل کراچی میں سلیکشن کمیٹی سے دوبارہ مشاورت کروں گا۔

 سمیع الحسن نے کہا کہ اس سے قبل بھی یہی طریقہ  تھا جس کے تحت کپتان گیارہ کھلاڑی بناتے تھے لیکن جب سے مصباح کو چیف سلیکٹر بنایا گیا تو اس میں تھوڑا سا ابہام آیا، یہ ابہام مصباح کے دو عہدوں کی وجہ سے آیا تھا۔ 


اب چوں کہ وہ چیف سلیکٹر نہیں ہیں اس لئے ان چیزوں کو مزید واضح کرکے سب کے کام کا تعین کیا گیا ہے۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر شعیب اختر کے اس دعوے پر کہ مصباح الحق کو ہٹا کر اینڈریو فلاور کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ پی سی بی نے کہا کہ جنوبی افریقا کی سیریز کے بعد ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

تاہم اس وقت پی سی بی کسی قیاس آرائی پر بات نہیں کرے گا۔ کرکٹ کمیٹی سیریز کے بعد ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کی کارکردگی کا ازسر نو جائزہ لے گی۔

بدھ کو جنگ میں شائع خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ سلیکشن پالیسی طے ہے جس کے مطابق الیون منتخب کرنے میں ڈرائیو بابر اعظم کریں گے۔ وہ ضرور ت پڑنے پر ہیڈ کوچ یا دیگر کوچز سے مشورہ کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین