اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں اور سپیشل ٹریبونلز میں ججز کی عدم تعیناتی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک عدم تعیناتی کی صورت میں سیکرٹری قانون و انصاف خود پیش ہوں، گزشتہ روز چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز میں ججز کی عدم تعیناتی کیخلاف کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ کسٹمز ایپلٹ ٹریبونل اور ان لینڈ ریونیو چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کے رولز کی منظوری ہو چکی ہے، چیف جسٹس پاکستان کو مشاورت کیلئے مسودہ بھیجا گیا ہے ، جب بھی مشاورت کا عمل مکمل ہو گا ،ٹریبونلزاور خصوصی عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کر دی جائیگی، چیف جسٹس نے کہاکہ اگر تعیناتی مکمل نہ ہو تو سیکرٹری قانون و انصاف آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں، بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔