• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے قبضہ مافیا کی سرکوبی میں بہتری آئے گی، وزیراعظم


وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے قبضہ مافیا کی سرکوبی میں نمایاں بہتری آئے گی، ماحولیاتی آلودگی خطرناک حد تک پہنچنے سے پہلے بر وقت اقدامات اٹھانے ہوں گے، ماحولیاتی آلودگی ایک خاموش قاتل ہے عوام کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

وزیرعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس مراعات کے پیکج، ایف بی آر پورٹل پر بریفنگ دی۔


چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گرین ایریاز میں اضافے کا جامع ایکشن پلان پر عملدر آمد شروع کردیا ہے۔

وزیراعظم  نے  تمام صوبوں میں شجر کاری مہم کے اقدامات، گرین ایریاز کے تحفظ کی ہدایت کردی۔

عمران خان نے کہا کہ گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اور مانیٹرنگ مکینزم وضع کیا جائے، تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔

چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے اجلاس میں بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جانب سے تعمیرات کے منصوبوں میں رجسٹریشن میں اضافے پر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بالخصوص پنجاب میں تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی انور علی حیدر نے  لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کیلیےصوبوں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

تازہ ترین