اسلام آباد(آئی این پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر اب دنیا کی خاموشی ٹوٹ رہی ہے، برطانوی پارلیمنٹ جسے پارلیمان کی ماں کہا جاتا ہے، اس پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے بحث کا آغاز ہو چکا ہے ،دس سے زائد برطانوی پارلیمنٹیرینز، جن میں وزرا بھی شامل ہیں انہوں نے اس حوالے سے اظہار خیال کیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ ہندوستان، عالمی دنیا کو غلط تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ یہ ان کا اندرونی مسئلہ ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے،مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے جو عرصہ دراز سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔