ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں کے جنوبی پنجاب میں ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشنز جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 416فوڈ یونٹس کی چیکنگ کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 15 فوڈ یونٹس سیل جبکہ 298شاپس مالکان کو وارننگ نوٹسز جاری کیے، مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 300لٹر ملاوٹی دودھ، 40کلو کھلے ملاوٹی مصالحے، 480ساشے گٹکا، 100کلو چنے اور 100لٹر مکس سولیوشن تلف جبکہ 120کلو پیک شدہ سرخ مرچیں برآمد کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے علاقے دھوبی والی گلی شاہی بازار میں خفیہ اطلاع پرڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں فاروق پان شاپ پر کارروائی کی گئی۔ فوڈبزنس آپریٹر نے بھاری مقدار میں گٹکا چھپا رکھا تھا۔ دوران چیکنگ 13,410ساشے رتن، 11,088ساشے ون ٹو ون اور 360ساشے جے ایم نامی گٹکا پایا گیا۔ مزید غیر ضروری سامان کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔قانون کی خلاف ورزی پر پان شاپ کو سیل کرکے مجموعی طور پر 24ہزار 858ساشے گٹکا برآمد کرلیا گیا۔ اسی طرح ملتان میں پاک فوڈز کو پاپڑ کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزاء، کھار اور چائنہ سالٹ کا استعمال کرنے، خانیوال میں النور قلفہ آئس کریم پروڈکشن یونٹ کو گلوکوز میں حشرات، مضرصحت رنگ کا استعمال کرنے پر سربمہر کیا گیا۔ بہاولپور میں رفیق بیکری کو ناقابل سراغ کھلے رنگ کا استعمال،ورکرز کے میڈیکلز کی عدم موجودگی، مظفر گڑھ میں تھری سٹا رٖفوڈز اور نوید کریانہ سٹور کو کھلے ملاوٹی مصالحہ جات فروخت کرنے پر سیل کیاگیا۔