لاہور(نمائندہ خصوصی)پی ڈی ایم کے جلسوں میں پروانے ،متوالے اور جیالے شریک ہوتے ہیں دینی مدارس ،یونیورسٹیز ،کالجزکے طلباء ووٹ دینے کا حق رکھتے ہیں تو پھر پر امن تحریک کا حصہ کیوں نہیں بن سکتے ہیں ،شیخ ر شید کو جے یو آئی کا آزادی مارچ اچھی طرح یاد ہو گا ان خیالات کااظہار جے یو آئی کے راہنماءوں حاجی اکرم خان درانی ،مولانا محمد امجد خان ،محمد اسلم غوری نےاپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ دینی مدارس سے رابطے کے لیئے کمیشن قائم کر نے کے بجائے اپنی ناکامیوں پر غور کے لیے خصوصی اجلاس کریں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں لیکن کپتان خان اور وزراء این آر او نہیں دوں گا چورن بیچنے میں لگے ہوئے ہیں جے یوآئی کے راہنماءوں نے کہاکہ دینی مدارس نے بہترین اور کامیاب افراد قوم دیئے ہیں ، انہوں نے کہاکہ دینی مدارس نے ماضی میں اہم رول ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کردار ادا کریں گے ۔