• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی میں گیس کی چوری سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا انکشاف







خیبر پختونخوا میں گیس کی چوری  سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ضلع کرک میں گذشتہ 6 ماہ کے دوران ایک ارب 90 کروڑ روپے جبکہ گزشتہ مالی سال میں 8 ارب روپے کی گیس چوری کی گئی۔ گیس چوری کرنے پر 116 مقدمات درج کرکے 163 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب آئی جی کے پی ثنا اللّٰہ عباسی کا کہنا ہے کہ گیس چوری روک کر قومی خزانے کے 6 ارب روپے بچائے جبکہ جی ایم سوئی نادرن گیس نے کہا ہے کہ گیس چوری ختم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

سرکاری رپورٹ کےمطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں گیس چوری سے قومی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔

گذشتہ 6 ماہ کے دوران کرک میں ایک ارب 90 کروڑ روپے کی گیس چوری کی گئی۔ مالی سال 20-2019 میں کرک میں 8 ارب روپے کی گیس چوری کی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں سال گیس چوری میں کمی ہوئی ہے۔ گیس چوری کرنے والوں کے خلاف 237 آپریشنز کیے گئے اور 116 مقدمات درج کرکے 163 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

گیس چوری کرنے پر 37 فیکڑیاں سیل جبکہ 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللّٰہ عباسی نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ کرک میں پولیس کارروائیوں سے گیس کی چوری میں نمایاں کمی ہوئی گیس کی چوری روک کر قومی خزانے کے 6 ارب روپے بچائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرک میں گیس چوری روکنے کے لیے پولیس اسٹیشنز قائم کیے ہیں۔

دوسری جانب جنرل مینیجر سوئی ناردرن گیس تاج علی خان نے بتایا کہ کرک میں گیس خسارے  کا سامنا ہے۔

وفاقی حکومت نے لائن لاسز روکنے کے لیے سیکورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کرنے کی منظور دی ہے جبکہ لائن لاسز ختم کرنے کےلیے 9 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری بھی دی ہے۔

تازہ ترین