• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
انقرہ ( نیوز ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اوراس 27 ملکی بلاک سے بھی یکساں خیرسگالی کی اُمید کرتے ہیں۔ یورپی یونین کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کے دوران رجب طیب اِردوان نے کہا کہ ترکی، یورپی یونین کے ساتھ طویل بنیادوں پر مثبت پیش رفت کے لیے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتا ہے جو باہمی مفادات کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے یورپی یونین اور ترکی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ہیں جب کہ مشرقی بحیرہ روم میں یونان کے ساتھ اور لیبیا و مشرق وسطیٰ کے معاملے پر فرانس کے ساتھ ترکی کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ اس حوالے سے ترک صدر نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ یونان کے ساتھ اجلاس کے بعد ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ترکی اور یونان اپنے دیرینہ سمندری تنازع کو 25 جنوی کو استنبول میں ہونے والے مذاکرات کے دوران حل کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر عمانویل میکرون کے ساتھ کئی ماہ سے جاری تلخی کے باوجود پیرس کے ساتھ تعلقات میں بہتری پر تیار ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ انقرہ اور یورپی یونین کے عہدے دار سفارت کاری کا نیا سلسلہ شروع کررہے ہیں، جس سے باہمی تعلقات مزید مثبت راہ پر گامزن ہوں گے۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو یورپی کمیشن کے سربراہ ارسلا فان ڈیئر لائن سے ملاقات کے لیے 21 جنوری کو برسلز روانہ ہوں گے، جب کہ یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل نے رواں ماہ کے آخر میں ترکی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین