• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں کو حکومتی مؤقف سے برابری کا سلوک کرنا چاہئے، کسی جماعت کا ذیلی ونگ نہیں بننا چاہئے، فردوس عاشق

لاہور(خصوصی نمائندہ)صحافت اور سیاست بیک وقت نہیں چل سکتے، صحافت کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہئے اور نا ہی صحافیوں کو کسی جماعت کا ذیلی ونگ بننا نہیں چاہئے، صحافیوں کو بھی حکومتی موقف سے برابری کا سلوک کرنا چاہیے۔میڈیا کو بطور انڈسٹری اپنے قوانین متعین کرنے چاہئیں -میڈیا او رحکومت کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے - صحافت کا شعبہ بھی اصلاحات کے عمل سے گذر رہاہے - پاکستان میں میڈیا یکسر بدل گیاہے ۔ نئی میڈیا پالیسی میں اشتہارات کے معاملے میں پک اینڈ چوز کے رحجان کا خاتمہ کردیاگیاہے -ماضی میں جو کچھ بھی غلط ہوا اس کو جاری نہیں رکھ سکتے -صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اس مقصد کے لئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار کی سربراہی میں چاروں صوبوں کی نمائندہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے - کمیٹی کا وفد صحافتی مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرے گا - ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور پریس کلب میں(پی ایف یوجے) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی آواز عوام کی آواز ہے۔جہاں حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے وہاں صحافیوں کو بھی حکومتی موقف سے برابری کا سلوک کرنا چاہیے۔ صحافت ایک ایسا آئینہ ہے جو معاشرے کے مسائل حکومت کو دکھاتا ہے۔میڈیا اور حکومت ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں -صحافی برادری کے حکومت کے ساتھ گلے شکوے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں ہر شخص کو آزادی اظہار رائے حاصل ہے۔ صحافی عوام کے مفاد کے لئے جو چاہیں وہ بولیں یا لکھیں یہ انکا حق ہے مگر ان کو ریاستی مفاد کو بھی مقدم رکھنا چاہیے- عوام کے مفاد کو اجاگر کرتے ہوئے ریاست کے مفاد کو نظر انداز نہیں کرناچاہئے۔وزیر اعظم عمران خان ادارں میں اصلاحات کا عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کرنے کیلئے ہر ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ صحافت بھی ایک ادارہ ہے مگر یہاں میڈیا ورکرز اور میڈیا مالکان کے مفادات مختلف ہیں۔ صحافتی تنظیموں کو چاہئے کہ یک زبان اور متحد ہو کر اپنے مسائل کیلئے بات کریں۔ سابق حکومتوں نے بجٹ کی منظوری کے بغیر اشتہارات دیئے۔ اگر پہلے غلط ہو رہا تھا تو اب اس کو صحیح ہونا چاہئے - سابقہ حکمرانوں نے من پسند میڈیا ہاؤسز کو نوازنے کیلئے قوم کا پیسہ ذاتی تشہیر پر خرچ کیا، ہماری حکومت نے میڈیا کو اشتہارات دینے کیلئے منظم طریقہ کار اپنایا ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پنجاب حکومت نے کورونا سے متاثرہ صحافیوں کو جرنلسٹ سپورٹ فنڈ کی مد میں پونے دو کروڑ کی امداد مہیا کی۔ پنجاب حکومت صوبہ میں نیو میڈیا پالیسی لا رہی ہے جس کی تشکیل میں صحافیوں کی آراء کو اہمیت دی جائے گی۔ڈی جی پی آر کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے ادارے میں میڈیا ٹاور کی تعمیر اور صحافیوں کیلئے ٹریننگ اکیڈمی بنانے کے منصوبے کیلئے اگلے بجٹ میں فنڈز مختص کئے جائیں گے -

تازہ ترین