• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ اگر کسی کو کربلا کا منظر دیکھنا ہے، تو وہ میرے خاندان کو دیکھ لے۔ ہمارے خاندان میں جنازہ اُٹھانے والا کوئی مَرد نہیں بچا۔ شہید ہونے والوں میں ہم چھے بہنوں کا اکلوتا بھائی بھی شامل ہے، جو دو بچّوں کا باپ تھا۔ ہم بہنوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے بھائی اور دیگر رشتے داروں کے جنازے خود اُٹھائیں گی۔شہداء میں ہمارا اٹھارہ سالہ بھانجا احمد شاہ، دو ماموں 20 سالہ شیر محمّد اور30 سالہ محمّد انوار اور خالہ زاد محمّد احسن بھی شامل ہیں۔ بھائی ہمارے گھرانے کا واحد کفیل تھا۔میری بڑی بہنیں اکثر بھائی سے کہتیں کہ’’ ہم نے کافی پڑھ لیا ہے، اب ہمیں بھی ملازمت کی اجازت دے دیں‘‘ مگر وہ کہتا’’ نہیں، ابھی تم مزید پڑھو۔ 

میرے بازوں میں بہت دَم ہے۔‘‘یہ دِل دُہلا دینے والے جملے معصومہ یعقوب علی کے ہیں، جو گھر اُجڑنے پر میڈیا کو اُپنا دُکھ سُنا رہی تھیں۔ اُس کا بھائی بلوچستان کے علاقے، مچھ کے اُن دس کان کنوں میں شامل تھا، جنھیں گزشتہ دنوں بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا۔مچھ میں ظلم کا نشانہ بننے والوں میں تعمیرِ نو کالج ،کوئٹہ کا نوجوان مشتاق حسین بھی شامل ہے،جس نے بلوچستان بھر میں1053 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔واضح رہے، مشتاق حسین محنت مزدوری کر کے اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرتا تھا۔شہداء مزدور پیشہ لوگ تھے، جو اپنے بیوی بچّوں کی کفالت کے لیے گھروں سے دُور پہاڑوں کا سینہ چیرنے جیسی مشقّت اُٹھا رہے تھے۔

مُلک دشمن عناصر گزشتہ کئی سالوں سے بلوچستان میں سرگرم ہیں اور وہ سیکوریٹی اداروں کے اہل کاروں کے ساتھ نہتّے عوام کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بناتے ہیں، خصوصاً کوئٹہ میں آباد ہزراہ برادری ان مُلک دشمنوں کے نشانے پر ہے۔ یہ برادری دہشت گردانہ حملوں اور ٹارگٹ کِلنگ کے واقعات میں اب تک دو ہزار کے لگ بھگ افراد کی لاشیں اُٹھا چُکی ہے، جب کہ زندگی بھر کے لیے معذور ہونے والوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے۔

کئی گھرانے تو ایسے بھی ہیں، جن میں کمانے والا تو دُور کی بات، لاشے اُٹھانے کے لیے بھی مرد نہیں بچے۔ متعدّد بار سڑکوں پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا گیا تاکہ اربابِ اختیار کی نسل کُشی کے ان واقعات کی جانب توجّہ مبذول کروائی جاسکے، لیکن حکّام کی جانب سے ہر بار وقتی دِلاسوں، یقین دہانیوں اور وعدوں کے ذریعے معاملہ نمٹا دیا جاتا ہے،مگر کچھ عرصے بعد پھر ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی لاشیں اُٹھاتی نظر آتی ہے۔

حکومتی دعوے اپنی جگہ، مگر ہزارہ برادری کا کہنا ہے کہ ابھی تک نہ تو کوئی قاتل گروہ پکڑا گیا اور نہ ہی کوئی ایسی سیکوریٹی فراہم کی گئی، جس سے قتل و غارت کا یہ گھناؤنا کھیل تھم سکے۔ وہ کہتے ہیں کہ’’ اب تو جان بچانے کا ایک ہی راستہ بچا ہے کہ کسی اور مُلک جابسیں۔‘‘اس برادری کے بہت سے لوگ بیرونِ مُلک جا بھی چُکے ہیں، لیکن یہ مسئلے کا حل نہیں، بلکہ مُلک کی بدنامی کا سبب ہے کہ وہ اپنے لوگوں کی جان کا تحفّظ نہیں کرسکتا۔3 جنوری کو مچھ میں کان کُن دن بھر کی محنت کے بعد سو رہے تھے کہ نصف شب کے قریب مسلّح حملہ آوروں نے دھاوا بول دیا۔ اُنھوں نے مزدوروں کو رسیوں سے باندھ کر بے دردی سے ذبح کیا، جب کہ تین کو قریب سے گولیاں بھی ماری گئیں۔

اس واقعے کا ایک افسوس ناک پہلو یہ بھی تھا کہ حملہ آوروں نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والوں کو باقی مزدوروں سے الگ کرکے گولیوں کا نشانہ بنایا۔اطلاع ملتے ہی کوئٹہ کی فضا سوگوار ہوگئی اور ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں نے میّتیں مغربی بائی پاس پر رکھ کر دھرنا دے دیا۔ اُن کا مطالبہ تھا کہ سانحۂ مچھ میں ملوّث ملزمان گرفتار کیے جائیں اور اس کے پسِ پردہ عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

نیز، وزیرِ اعظم، عمران خان خود کوئٹہ آ کر اس اندوہ ناک واقعے پر لواحقین کی دِل جُوئی کریں، لیکن وزیرِ اعظم شدید احتجاج کے باوجود متاثرین کے زخمی دِلوں پر مرہم رکھنے پر آمادہ نہ ہوئے۔اُن کی جانب سے شرط رکھی گئی کہ پہلے میّتیں سُپردِ خاک کی جائیں، پھر وہ تعزیّت کے لیے آئیں گے اور ایسا ہی ہوا۔وفاقی وزراء متاثرین سے مذاکرات کرکے اُنھیں دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں کرتے رہے، تاہم متاثرین ٹھوس یقین دہانی چاہتے تھے، اِس لیے وزراء کے ساتھ مذاکرات کام یاب نہ ہوسکے۔لواحقین منفی آٹھ سینٹی گریڈ میں چھے روز تک لاشیں سڑک پر رکھ کر لہو کا حساب مانگتے رہے۔ اِس دَوران بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا عبدالغفور حیدری سمیت اپوزیشن قائدین نے دھرنے میں پہنچ کر اپنی جماعتوں کی جانب سے اظہارِ یک جہتی کیا۔ 

وزیر اعلیٰ بلوچستان، جام کمال تین دن بعد ورثا کے پاس آئے اور اُن سے اظہارِ ہم دردی کی بجائے کہا کہ’’ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اس سانحے کی ذمّے دار صرف بلوچستان حکومت ہے، اِس لیے آپ وزیرِ اعظم کو بُلانے پر اصرار نہ کریں، ہم سے بات کریں۔‘‘ خون جما دینے والی سردی میں بے یار و مددگار خاندان نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم کی طرح اپنے وزیرِ اعظم کو ڈھونڈتے رہے کہ وہ آکر اُن کے سَروں پر ہاتھ رکھیں۔ ایک ستّر سالہ بوڑھا اپنے اٹھارہ سالہ ذبح شدہ بیٹے کی لاش کے ساتھ سخت سردی میں سڑک پر بیٹھا رہا، تو کہیں سینہ پیٹتی ماں اپنے کڑیل جوان بیٹے کی لاش سے بار بار کفن سرکا کر دیکھتی رہی۔ 

وہ چاہتی تھی کہ وزیرِ اعظم اُس کے بیٹے کا وہ گلا دیکھے، جسے خنجر سے کاٹا گیا اور اس کی ٹھہری ہوئی آنکھوں میں جمے سوالات کا جواب دے تاکہ وہ بیٹے کو کسی یقین اور اُمید کے سہارے سپردِ خاک کرسکے۔ہزارہ کمیونٹی کو یاد تھا کہ 2013ء میں اِسی طرح کے ایک واقعے کے بعد عمران خان نے اُن سے وعدہ کیا تھا کہ ’’وہ ریاست میں دہشت گردوں کے لیے جگہ تنگ کردیں گے۔‘‘ مگر اُن کی حکومت بنے ڈھائی سال ہوچُکے ہیں، لیکن دہشت گردی نہ رک سکی۔ 

ماضی میں عمران خان کہتے تھے’’ جو لوگ لاشیں لے کر بیٹھے ہیں، وزیر اعظم اُن کے پاس کیوں نہیں جاتے؟‘‘ اُنھوں نے اُس وقت کے صدر آصف علی زرداری کو سانحے کا ذمّے دار ٹھہرایا تھا، مگر جب خود اُن کی حکومت میں ایسا واقعہ رونما ہوا، تو اپنے’’ اصول‘‘ یاد آگئے۔ وزیر اعظم نے خود جانے کی بجائے وزیر داخلہ، شیخ رشید احمد کو اپنے جہاز کے ذریعے کوئٹہ بھیجا، پھر وفاقی وزیر علی زیدی اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری بھی ہزارہ قبیلے سے مذاکرات کے لیے پہنچے۔ 

مجلس وحدت المسلمین کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر آغا رضا نے کہا کہ ’’لواحقین چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم آئیں اور یہاں آنے سے اُن کی عزّت اور حیثیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔‘‘ زلفی بخاری کی اِس بات نے بھی دِلوں کو زخمی کیا، جب وہ متاثرین سے یہ پوچھتے رہے کہ’’ آپ وزیراعظم کو یہاں آنے کا کیا فائدہ دیں گے؟‘‘یہ تاثر بھی دیا گیا کہ مظاہرین کے کئی مطالبات قطعی ناقابلِ قبول ہیں اور اُن کے پیچھے کوئی بیرونی ہاتھ ملوّث ہے۔ 

کراچی سمیت مُلک بھر میں درجنوں مقامات پر ہزارہ برادری سے اظہارِ یک جہتی کے لیے دھرنے دیے گئے، جس سے راستے بند ہوگئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسی دوران وزیر اعظم نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہزارہ برادری کے تمام مطالبات مان لیے گے ہیں، لیکن لاشوں کی تدفین سے پہلے مجھے وہاں بلانا بلیک میلنگ ہے۔‘‘وزیراعظم کی جانب سے’’ بلیک میلنگ‘‘ کے الفاظ کی بڑے پیمانے پر مذمّت کی گئی، تاہم بعدازاں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے وضاحت کی کہ وزیرِ اعظم نے اپوزیشن کو بلیک میلر کہا تھا۔ 

انسانی حقوق کمیشن نے بھی وزیراعظم کے ہزارہ برادری کے دھرنے سے متعلق بلیک میلنگ کے بیان پر حیرت کا اظہار کیا ۔بعدازاں، وزیراعلیٰ بلوچستان اور دھرنا منتظمین کے درمیان مذاکرات کی کام یابی کے بعد دھرنا ختم کرکے میتیوں کی تدفن کر دی گئی۔اس موقعے پر سینئر اینکر اور شاعر، وجیہہ ثانی نے ہزارہ برادری کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا؎’’ تعزیت،پُرسہ،دلاسا، اب یہ حُجّت مت کریں…ہم نے لاشیں دفن کردیں، آپ زحمت مت کریں۔‘‘ بعد ازاں وزیرِ اعظم کوئٹہ پہنچے، متاثرین سے ملاقات کی اور وضاحت کی کہ اُنھیں بلیک میلر نہیں کہا تھا، چند روز بعد آرمی چیف نے بھی کوئٹہ جاکر متاثرین کا دُکھ بانٹا۔ 

تاہم ،حکومت کی جانب سے اس پورے عرصے میں جو رویّہ اختیار کیا گیا، اُسے عوامی حلقوں میں پسند نہیں کیا گیا۔ بہت سے افراد کا کہنا تھا کہ’’ وزیرِ اعظم نے چھے دن کے احتجاج اور مسلسل تنقید کے باوجود کوئٹہ نہ جاکر ثابت کر دیا کہ ہمارا حاکم ایک اَنا پرست، خودپسند اور جذبات سے عاری شخص ہے۔ جس کے قول و فعل میں کُھلا تضاد ہے اور اسے عوام کے دُکھ درد کی کوئی پروا نہیں ۔‘‘ سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ’’ عمران خان کو نیوزی لینڈ کی خاتون وزیرِ اعظم ہی سے کچھ سیکھ لینا چاہیے تھا کہ اپنے عوام کے دُکھ درد میں کیسے شریک ہوا جاتا ہے‘‘ کہ عمران خان نے بھی خاتون وزیر اعظم کو فون کرکے اُن کے مسلمانوں کے ساتھ شان دار برتاؤ کو ایک قابلِ تقلید مثال کہا تھا، لیکن افسوس، جب اپنے مُلک میں ایسا واقعہ ہوا، تو ریاستِ مدینہ کا دعوے دار حکم ران خاموش تماشائی بنا رہا۔

تازہ ترین