• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عموماًسرما رُت میں گرم تاثیر کے پکوان زیادہ شوق اور رغبت سے کھائے جاتے ہیں، تاکہ سردی کا احساس کم ہو۔تو لیجیے، اس اتوار آپ کے دسترخوان کے لیے ایسے ہی کچھ پکوانوں کی تراکیب حاضر ہیں۔

فِش فرائی

اجزاء: مچھلی(کانٹے کے بغیر)ایک عدد، آلو(چھلکا اُتار لیں)چار عدد، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، انڈا ایک عدد، لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کارن فلور تین چائے کے چمچ، میدہ تین چائے کے چمچ، بریڈ کرمبز اور پانی حسبِ ضرورت۔

آلوئوں کے لیے درکار اجزاء:کارن فلور دو کھانے کے چمچ، نمک اور کالی مرچ پائوڈر حسبِ منشاء۔

ترکیب:ایک پتیلی میں حسبِ ضرورت پانی،تھوڑا سا نمک اور آلو ڈال کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔اس دوران ایک بائول میں انڈا، لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، کالی مرچ اور نمک ڈال کر خُوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ دوسرے باؤل میں کارن فلور اور میدہ گھول کر رکھ لیں۔ اب مچھلی کے ٹکڑے انڈے والے آمیزے میں ڈبو کر اوپر سے کارن فلور والا آمیزہ لگا کر اچھی طرح مِکس کریں اور بریڈ کرمبز لگا کر فرائی کرلیں۔ 

جب تمام پیسز فرائی ہوجائیں، تو اُبلے ہوئے آلو لمبے لمبے کاٹ کر ان پر کارن فلور چِھڑک کر اسی تیل میں فرائی کرکے نکال لیں۔ بعد ازاں، ان پر نمک، کالی مرچ پائوڈر چِھڑک دیں۔ اب ایک ڈش میں فرائی مچھلی اور آلو سجا کر سرو کریں۔

کریمی کباب

اجزاء: گائے کا گوشت (بون لیس) ایک کلو،گر م مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ،پیاز دو عدد،ٹماٹر کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،ہری مرچ دو عدد ، ہر ادھنیا آدھی گڈی،لال مرچ ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ضرورت،ثابت دھنیا (بھون کر پیس لیں) ایک چائے کا چمچ،سفید زیرہ(بھون کر پیس لیں) ایک چائے کا چمچ، میدہ دو کھانے کے چمچ،فریش کریم چار کھانے کے چمچ، دودھ ایک پاؤ، کالی مرچ پاؤڈر آدھاچائے کا چمچ،مکھن دو کھانے کے چمچ،ملک پاؤڈر دو چائے کے چمچ،دودھ ایک پاؤ،تیل حسبِ منشاء ، سجاوٹ کے لیےشملہ مرچ اور ٹماٹر حسبِ ضرورت۔

سوس بنانے کی ترکیب:ایک پتیلی میں مکھن ڈال کر پگھلا لیں۔اب اس میںملک پاؤڈر شامل کرکے تھوڑا سا بھونیں اور دودھ ڈال کرایک اُبال آنے پر چولھا بند کردیں۔ اب یہ آمیزہ ایک باؤل میں نکال کر اس میں نمک اور پِسی کالی مرچ چِھڑک کر رکھ دیں۔

کباب بنانے کی ترکیب:بلینڈر میں گوشت ،پیاز، ہری مرچیں، ٹماٹر کا پیسٹ، نمک اور ہرا دھنیا ڈال کراچھی طرح بلینڈ کریں۔ اس کے بعد قیمے کے لمبائی میں کباب ( سیخ کباب کی طرح) بنا کر فرائی کرلیں۔ جب تمام کباب فرائی ہوجائیں تو انہیںٹرے میں اس طرح کہ رکھیں کہ درمیان سے جگہ خالی رہے۔بعد ازاں اس خالی جگہ میں آدھا کریمی سوس ڈال دیں۔سَرو کرنے سے قبل شملہ مرچ اور ٹماٹرسے گارنشنگ کریں۔ (اُمِ حبیبہ نُور)

پائے

اجزاء:گائے کےپائے دو عدد (کٹوا کرصاف کروا کر کے دھولیں)، پیاز (باریک کٹی ہوئی) دو عدد،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،دہی ایک پیالی،سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،دھنیاپاؤڈر دو کھانے کے چمچ،ہلدی آدھا کھانے کا چمچ،گرم مسالا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، ثابت لہسن (جوے چھیل لیں) ایک عدد، لیموں دو عدد،ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)چار عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) ایک گڈی اور تیل دو پیالی۔

ترکیب: ایک بڑی دیگچی میں تقریباً آدھے سے زیادہ پانی لے کر اس میں ثابت لہسن اور پائے ڈال کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں- تقریباً چھے سے سات گھنٹے اُبلنے دیں-جب پائے اچھی طرح گل جائیں، تو گوشت اور ہڈیاں نکال کر الگ رکھ دیں- یخنی کسی برتن میں چھان لیں-اسی دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز فرائی کرکے باریک پیس لیں- اب دہی میں پِسی ہوئی پیاز اور تمام مسالے ڈال کر مکس کریں اورایک الگ پتیلی میں تیل گرم کرکے اس میں دہی والا آمیزہ ڈال کر بھونیں۔ بعد میں پائے ڈال کر تھوڑا سا بھون کے یخنی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر دَم کے لیے رکھ دیں-جب تیل نظر آنے لگے تو چولھا بند کردیں۔سرو کرنے سے قبل ہرا دھنیا اور لیموں کا رس چِھڑک دیں- (فرخندہ نورین، کراچی)

تازہ ترین