سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی، سکھر، کشمور، گھوٹکی، جامشورو، شکارپور اور لاڑکانہ میں بارش کا امکان ہے، حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
کراچی میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محکمۂ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 اپریل کو شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے حساس ڈھانچوں اور فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور ریسکیو سروسز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کسانوں کو موسمی صورتِ حال کے پیش نظر حکومتی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔