• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صفر برآمدگی پر برطانوی کمپنی کو کروڑوں کیوں دیے؟ ن لیگ کا سوال


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے استفسار کیا ہے کہ جس کمپنی نے صفر برآمدگی کی اُسے کروڑوں کیوں دیے گئے؟

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سال 2000ء میں آمر پرویز مشرف نے 6 ماہ پہلے بنائی گئی کمپنی کو 600 کروڑ دیے۔

انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ ڈرامے میں پاکستانی قوم کا کروڑوں روپیہ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔


ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑنے اور اپنے مارشل لاء کو جواز فراہم کرنے کے لیے پرویز مشرف نے براڈ شیٹ کمپنی کو استعمال کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے نواز شریف کے خلاف زیرو ریکوری ہوئی، سوال یہ ہے کہ برطانوی عدالت کا فیصلہ آنے سے پہلے پاکستانی سفارت خانے کے اکاؤنٹ میں پیسے کیوں رکھوائے گئے؟ ہے کوئی جواب!

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ جو سوال پوچھے تھے، آپ اُن کے جواب دیں، ہمیں بتائیں جس کمپنی نے صفر برآمدگی کی اُسے کروڑوں کیوں دیے گئے؟

انہوں نے کہا کہ الفاظ کا ہیر پھیر، حیلے بہانے اور آئیں، بائیں ،شائیں سے کام نہیں چلے گا، آپ کی چوری پکڑی جاچکی ہے۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ آئین پر شب خون مارنے والے آمروں اور سلیکٹڈ ٹولے کی کرپشن، کمیشن کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔

تازہ ترین