بالی ووڈ کی کوئین کنگنا رناوت نے اپنی لفظی گولہ باری کا رخ اب فلم ڈائریکٹر اور اداکار ساجد خان کی طرف موڑ دیا اور انہیں مافیا کا حمایت یافتہ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگنا رنات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 2013 میں ممبئی کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ جیا خان کی بہن کا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
انہوں ویڈیو کے ساتھ جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ان لوگوں نے جیا خان کو مارا، انہوں نے ہی نے سشانت سنگھ راجپوت کی جان لی اور یہ اب مجھے مارنا چاہتے ہیں۔
بالی ووڈ کوئین نے مزید کہا کہ یہ آزاد گھوم رہے ہیں کیونکہ انہیں مافیا کی مکمل حمایت حاصل ہے، یہ ہر برس مضبوط اور کامیاب رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ جان لیں کہ یہ دنیا مثالی نہیں ہے یا تو آپ شکار ہیں یا شکاری ہیں، آپ کو کوئی بھی نہیں بچائے گا، آپ نے ہی خود کو بچانا ہے۔
کنگنا رناوت نے اپنے پیغام کے ساتھ جیا خان کی بہن کا جو ویڈیو شیئر کیا، جس کا کیپشن ہے کہ یاد دہانی، ساجد خان تاحال جیل میں نہیں، وہ ویڈیو میں ساجد خان پر جنسی ہراسانی کا الزام لگارہی ہیں۔
انہوں نے یہ الزام جیا خان کی زندگی پر بنی ویڈیو ڈاکیومنٹری میں کیا اور کہا کہ کہانی پڑھنے کے سیشن کے دوران ساجد خان نے مرحوم اداکارہ سے اپنی چولی کو کھینچنے کا کہا تھا۔
بہن نے مزید بتایا کہ جب ساجد خان نے یہ انتہائی نازیبا مطالبہ کیا تو جیا خان وہاں سے گھر آگئیں اور روپڑی، مجھے سے گفتگو میں کہا کہ میرا ان سے معاہدہ ہے، یہ مجھے بدنام کریں گے اور ساتھ ہی مقدمہ بھی بنائیں گے، اگر میں رکتی ہوں تو یہ مجھے جنسی طور پر ہراساں کریں گے، یہ خود کو کھودینے کی صورتحال ہے۔
جیاخان کی بہن نے یہ بھی کہا کہ جب میں 16 برس کی تھی اُس وقت اپنی بہن ساجد خان کے گھر گئی تھی، تب انہوں نے جیاخان سے متعلق انتہائی نامناسب الفاظ کہے تھے۔
کنگنا رناوت نے جیا خان کے پیغام منظر عام پر آتے ہی فلمی صنعت میں مافیا کی موجودگی کے اپنے پچھلے دعوؤں کو دہرایا ہے۔