کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے براڈ شیٹ کے حوالے سے حقائق سامنے لانے والی حکومتی کمیٹی کے کنوینر اور وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ منگل کی شام یا بدھ تک حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے، پرویز مشرف سمیت جو بھی ذمہ دار ہوا اسے قوم کے سامنے لائیں گے، ماضی میں دیئے گئے این آر اوز کی وجہ سے ملک کو اتنا بڑا نقصان ہوا، پیسو ں کی ادائیگی میں تاخیر کرتے تو روزانہ پانچ ہزار ڈالر بڑھتے جاتے،سینئر نائب صدر ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ براڈ شیٹ معاملہ پر کابینہ کمیٹی حقائق چھپانے کیلئے قائم کی گئی ہے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں احتساب سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوتا رہا ہے، اس کی کئی مثالیں اور عدالتی فیصلے موجود ہیں، براڈ شیٹ کے معاملہ پر تفصیلات ملک میں احتساب کے نام پر سیاسی انجینئرنگ کی بڑی مثال بن کر سامنے آئی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملہ پر کابینہ کمیٹی کا اختیار سفارشات پیش کرنے کی حد تک ہے، کمیٹی تحقیقات کر کے براڈ شیٹ معاملہ میں شامل کرداروں کا تعین کرے گی، وہ لوگ جنہوں نے احتساب کی اس سنجیدہ کوشش کو سبوتاژ کیا انہیں سامنے لایا جائے گا، کمیٹی کل شام یا زیادہ سے زیادہ پرسوں تک اپنی سفارشات پیش کردے گی۔