• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرامیڈیکل سائنسز میں تعلیمی سہولیات یقینی بنائی جائے گی،ڈاکٹر سجاد حسین

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی)کے ذیلی ادارے پرائم انسٹی ٹیوٹ آف پیرامیڈیکس سائنسز (پی آئی پی ایس)کاسنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز، پی ایم سی پشاور مہمان خصوصی تھے۔یہ پرائم فاؤنڈیشن پاکستان کا پانچواں ادارہ ہوگا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی آئی پی ایس ڈاکٹر سجاد حسین نے اس موقع پر حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کااظہار کیا کہ اس منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر پیرامیڈیکل سائنسز کے شعبے میں معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس جگہ یہ انسٹی ٹیوٹ بنایاجارہا ہے یہاں فاؤنڈیشن کا ایک کمیونٹی ہیلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹرپہلے سے موجود ہے جو علاقے کے لوگوں کو رعایتی نرخوں پر بنیادی نگہداشت اور ابتدائی چائلڈ ڈویلپمنٹ کا ایک پائلٹ پراجیکٹ مقامی لوگوں کو بہترین طبی خدمات فراہم کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ طبی خدمات کے بنیادی عناصر ڈاکٹرز،نرسنگ کے شعبوں میں تعلیمی خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔اب پیرامیڈیکل سائنسز کا شعبہ قائم کیا جارہا ہے جہاں معیاری طبی تعلیم کی فراہمی کاموقع ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی آئی پی ایس نمایاں کردار ادا کرنے کے علاوہ صحت کی دیکھ بھال کے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ طور پر اہل اور اخلاقی طور پر موافق صحت مند پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور علاقے کے بیمار افراد کے لئے خدمات کے معیار اور تنوع میں اضافے کا ذریعہ بنے گا۔
تازہ ترین