• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیٹی جیٹی اور بلوچ پل پر جگہ جگہ جوڑ کھلنے لگے، بڑے حادثے کا خطرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں متعلقہ حکام کی عدم توجہ کے باعث دو اہم پل ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہیں،کراچی میں کیماڑی بندرگاہ جانے والے اہم اور مصروف ترین پل نیٹی جیٹی میں جگہ جگہ جوڑ کھلنے لگے، حادثات رونما ہونے لگے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کیساتھ ساتھ پل کی حالت خطرناک ہوتی جارہی ہے اور کسی بھی بڑے حادثے کا خدشہ ہے، شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس اہم پلوں کی مینٹینس کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پل سے بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت ہوتی ہے، پل کے جوڑ کھلنے اور دراڑوں کے باعث ایک طرف تو ٹریفک جام کا مسئلہ رہتا ہے تو دوسری طرف کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے، دوسری طرف کراچی میں بلوچ کالونی کے پل کے جوائنٹس ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ بلوچ پل کے جوڑ خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کے ٹائر پھنسنے سے حادثات ہورہے ہیں جس سے شہریوں کا مالی نقصان بھی ہورہا ہے۔ پل پر ٹریفک حادثات کے ساتھ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے جبکہ گزشتہ دنوں ٹوٹے جوائنٹس میں رکشے کا ٹائر پھنس کر ٹوٹ گیا۔پل کے حصوں کو ملانے والے جوڑوں کو مرمت کی ضرورت ہے۔دوسری جانب لیاقت آباد 10 نمبر سے غریب آباد جانے والی سڑک پر کھدائی اور گرومندر سے تین ہٹی جانے والی سڑک پر سیوریج کا پانی جمع ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

تازہ ترین