• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا وزیر ستان میں 4G،3G شروع کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے وزیر ستان میں انٹر نیٹ کی تھری جی اور فور جی سہولت آج سے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقے میں تھری جی، فوری جی کا مسئلہ سیکیورٹی کی وجہ سے تھا، بھارت انٹرنیٹ کے ذریعے ان علاقوں میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔

وانا میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام روکنے اور انتشار پھیلانے کی بڑی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں بے روزگاری کے خاتمے اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیں گے، اس علاقے میں زیتون کی کاشت سے انقلاب لائیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ پیچھے رہ جانے والے لوگوں اور علاقوں کو آگے لے کر آئیں، جو علاقے پیچھے رہے گئے ہیں ان میں اسکول اور کالج کھولیں گے، اقتدار میں آنے سے پہلے میانوالی میں نمل یونیورسٹی قائم کی تھی، جنوبی وزیرستان میں بھی اسکول، کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے۔

عمران خان کاکہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ ہمیشہ پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، کئی لوگوں نے کوشش کی کہ قبائلی علاقے صوبے میں ضم نہ ہوں، وقت ثابت کرے گا یہ قبائلی علاقوں کے لئے بہترین فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت آپ کی حکومت ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس علاقے کو اوپر اٹھایا جائے، وزیرستان میں 70 فیصد لوگ وہ ہیں جو غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، احساس پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو پیسے دیئے جائیں گے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں، اگر انہیں اچھی تعلیم و فنی تربیت دی جائے تو وہ ناصرف اپنے خاندان بلکہ ملک کو بھی معاشی لحاظ سے اوپر لے جائیں گے۔

تازہ ترین