پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس پر عمران خان 6 سال سے این آر او پر ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر پرچے کاٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اُمید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن شفاف انداز میں یہ معاملہ نمٹائے گا، غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات فوری مکمل ہونی چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جب اس کیس کا فیصلہ ہوگا تو 24 گھنٹے میں ان کی نااہلی ہوگی، تحقیقات کی جائیں تو عمران خان کا بھی فالودے والا، پاپڑ والا نکلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی کارروائی کو التواء کا نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کے قانون کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ کالعدم ہے، 6سال سے بھی زیادہ عرصے سے یہ کیس زیر التواء ہے۔
راجا پرویز نے کہا کہ پی ٹی آئی والے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، یہ اپنے مکروہ کاروبار کو اپوزیشن پر الزام لگا کر نہیں چھپا سکتے۔