مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا، پاکستان کے عوام عمران خان سے حساب لیں گے۔
اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی احتجاجی ریلی سے احسن اقبال، نیر بخاری اور محمود خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ وقت آگیا اس نالائق، نااہل، مسلط کردہ لیڈر کو گھر بھیجا جائے، یہ شخص کہتا تھا کہ رسیدیں دو، اپنی باری آئی تو منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا دعویٰ تھا کہ اگر گو عمران گو چند لوگ بھی کہیں گے تو میں چلا جاؤں گا، اب تک پورا پاکستان اس کےجانے کا خواہشمند ہے۔
پی پی رہنما نیر بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم جمہوریت، آئین، قانون پسند لوگ ہیں اور آئیں و قانون کی عملداری کی بات کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کے الزام پر ہی عوامی نیشنل پارٹی پر پابندی لگا کر ان قائدین کو صوبوں تک محدود کردیا تھا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی کے غلام نہیں ہیں، صرف ملک کو بچانا چاہتے ہیں، اگر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 7 سال پہلے ہوجاتا تو آج ہم یہاں احتجاج نہ کررہے ہوتے۔