• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھمپٹن شائر کائونٹی کونسل کی غلطی سے خاتون کو 60ہزار پونڈ منتقل

لندن (پی اے) نارتھمپٹن شائر کائونٹی کونسل نے ایک خاتون کو غلطی سے 60ہزار پونڈ بھیج دیئے۔ خاتون نے بتایا کہ ایک کونسل نے غلطی سے اسکے بینک اکائونٹ میں 60ہزار پونڈ سے زائد رقم بھیج دی تھی جس پر وہ دم بخود رہ گئی تھی۔ نارتھمپٹن شائر کونسل کا مقصد یہ تھا کہ چائلڈ سپورٹ وصول کرنے والوں کیلئے رقم مختص کرنے سے قبل رقم کسی ہولڈنگ اکاؤنٹ میں رکھی جائے، جس پر اس نے یہ رقم غلطی سے 64سالہ پیٹ تھارنٹن کے اکائونٹ میں بینیفٹس کی تفصیلات کے ساتھ منتقل کر دی تھی۔ کونسل نے اس غلطی پر معذرت کی اور کہا کہ ڈیٹا کی خلاف ورزی کو رپورٹ کر دیا گیا ہے۔ مسز تھارنٹن اپنے پوتے کی دیکھ بھال کیلئے کاؤنٹی کونسل سے پےمنٹ وصول کرتی تھیں لیکن جب وہ کہیں اور منتقل ہوئیں تو یہ رقم روک دی گئی تھی ۔ تاہم نومبر میں انہیں چھ صفحات پر مشتمل خط ملا جس میں ادائیگی کی تفصیلات تھیں اوررقم کی مالیت60963.13 پونڈ تھی اور اس لسٹ میں بچوں کی مدد حاصل کرنے والے نامزد افراد کیلئے رقم کی حد کا تعین بھی درج تھا۔ جب مسز تھارنٹن نے اپنا اکائونٹ چیک کیا تو انہیں پتہ چلا کہ ان کے اکائونٹ میں ساری رقم منتقل کر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یکدم اتنی رقم ملنے پر میرا سانس رکنےکے قریب تھا کیونکہ میرے لئے یہ ناقابل یقین صورتحال تھی۔ چند روز بعد مجھے دوسرا خط ملا جس کی فہرست میں 749.45 پونڈ رقم درج تھی۔ میرے بینک اکائونٹ میں دوبارہ یہ رقم منتقل کر دی گئی تھی۔ مسز تھارنٹن کے مطابق اس صورت حال سے لگ رہا تھا کہ جیسے میں کوئی ڈرائونا خواب دیکھ رہی ہوں ۔ پھر مجھے یہ کہا گیا کہ میں ایک ہائی ویلیو پے سسٹم CHAPS کے ذریعے یہ رقم واپس کردوں۔ لوکل اتھارٹی جو درحقیقت نومبر 2018 میں دیوالیہ ہو گئی تھی کو یہ رقم واپس کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ اس لوکل اتھارٹی کو ختم کر کے اسے دو یونٹری اتھارٹیز سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دسمبر میں بی بی سی نے انکشاف کیا تھا کہ کونسل نے بیلفز کے اس کے ہیڈ آفس پہنچنے کے بعد فوٹو کاپیئرز کیلئے تقریبا 40000 پونڈ کا بل ادا کرنے کیلئے کریڈٹ کارڈ کا استعمال کیا تھا ۔ تھارنٹن کا کہنا تھا کہ وہ کائونٹی کونسل کیلئے نائٹ سپروائرز کے طور پر کام کرتی تھیں اور کیئر میں بچوں کی دیکھ بھال کرتی تھیں تاوقتیکہ 2007 میں انہیں فارغ کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ جن لوگوں کو ادائیگی نہیں ہوئی ہو گی وہ یقیناً پریشان اور بے چین ہوئے ہونگے۔ میں جانتی ہوں کہ یہ کتنی تکلیف دہ صورت حال ہوتی ہے جب آپ کو اس وقت پیسہ نہ ملے جب ضرورت ہوتی ہے۔ کائونٹی کونسل ترجمان نے کہا کہ یہ انسانی غلطی کا الگ تھلگ واقعہ ہے اور رقم بالکل بھی ضائع نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسز تھارنٹن سے بھی غیر مشروط معذرت خواہ ہیں جنہیں ہماری اس غلطی کی وجہ سے پریشانی اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ۔ ترجمان نے کہا کہ ڈیٹا کی اس خلاف ورزی کو رپورٹ کر دیا گیا اور اس پر پراسس کے تحت کارروائی ہوگی۔
تازہ ترین