کراچی(این این آئی)بلدیہ عظمی کراچی نے چارجڈ پارکنگ کو ایک سال کیلئے نیلام کرنے کا فیصلہ کیاہے۔اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں کے ایم سی کی70 چارجڈ پارکنگ ہیں، جن کی نیلامی 8 فروری کو ہوگی۔نیلام کیے گئے مقامات میں کے ایم سی کی جانب سے مقرر کی گئی پارکنگ فیس لی جائے گی۔گاڑی، رکشہ اور ہائی روف سے30 روپے،موٹر سائیکل سے 10 روپے ، ہائی ایس، کوچز سے 70 روپے، بسوں اور ٹرکوں سے150 روپے پارکنگ فیس لی جائے گی۔ حیدری مارکیٹ موٹر سائیکل اتوار بازار میں داخلے کیلئے 30 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نیلامی 8 فروری کونہ ہو سکی تو پھر 9 یا 10 فروری کو ہوگی، کے ایم سی کی چارجڈ پارکنگ کو نیلام کرنے کا فیصلہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی کے مطابق مختص کئے گئے مقامات کے علاوہ پارکنگ غیرقانونی ہوگی جو ہٹا دی جائے گی، مقررہ فیس سے زیادہ فیس لینے والے کنٹریکٹر کا کنٹریکٹ ختم کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور اس سے کمائے جانے والے غیر قانونی پیسے کے سلسلے میں تحقیقاتی کمیٹی نے 162 مقامات پر غیر قانونی پارکنگ کی نشاندہی کی تھی جس کے بعد کے ایم سی نے یہ فیصلہ کیاہے۔