• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پسماندگی کے خاتمے کیلئے صوبے کو مخلص قیادت کی ضرورت ہے،میر زابدریکی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی میر زابد علی ریکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے صوبے کو مخلص سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جبکہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں پر توجہ دینے سے قاصر ہے ، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی بطور کمانڈر سدرن کمانڈر تعیناتی خوش آئند ہے امید ہے وہ واشک ، ماشکیل سمیت دیگر پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں گے ، واشک میں گزشتہ 20 سال کے دوران ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کی جائے ۔ایک بیان میں حاجی زابد علی ریکی نے کہا ہے کہ واشک کو گزشتہ 20 سال کے دوران جتنے بھی ترقیاتی فنڈز منصوبے ملے ان پر کام نہیں ہوا جس کی وجہ سے علاقہ پسماندہ ہے ،ماضی میں سی اینڈ ڈبلیو واشک نے جتنے بھی کام کرائے ان میں کرپشن کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے بطور آئی جی ایف سی (سائوتھ)جگور ،واشک، تربت، ماشکیل، گوادر ،تفتان کی بہتری کے لئے بہت سی کاوشیں کیں وہ ایک مخلص افسر ہیں توقع ہے کہ اب وہ بطور کمانڈر سدرن کمانڈ بھی واشک، ماشکیل سمیت دیگر پسماندہ علاقوں کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں گے انہوں نے واشک کے عوام کی جانب سے کمانڈر سدرن کمانڈ کو ضلع کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم ملک اور بلوچستان کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
تازہ ترین