لندن ( پ ر ) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے صدر محمود کشمیری اورجنرل سیکرٹری آصف مسعود چوہدری نے پارٹی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ معاہدہ کراچی 28اپریل ریاست جموں کشمیر کی تاریخ کا بد ترین دن ہے جسے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ریاست کی تاریخ پر شب خون کے مترادف سمجھتے ہوئے یوم سیاہ کے طور پر مناتی رہی ہے ۔ معاہدہ کراچی کے باعث ریاست جموں کشمیر کو ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا اور ریاست کے دونوں اطراف کے باسی اپنے ہی عزیز واقارب سے جدا کر دیئے گئے، معاہدہ کراچی کے تحت ریاست کے سینے پر بٹوارے کی منحوس لکیر کھینچ دی گئی ریاست جموں کشمیر کے لوگ اسے مسترد کر چکے ہیں۔گلگت بلتستان ریاست جموں کشمیر کا حصہ ہیں کسی بھی تقسیم کے فارمولے پر عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ28 اپریل کو برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں معاہدہ کراچی کے خلاف ایک یادداشت پیش کرے گی ۔