• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو نفرت اورتعصبات کی سیاست نےنقصان پہنچایا، سراج الحق

کراچی ( اسٹاف رپوٹر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ آج شہر قائد کی چند بڑی سڑکوں کے علاوہ پورا شہر کھنڈرات بن چکا ہے۔ کچرے کے ڈھیر اور گندا پانی جگہ جگہ جمع ہے جو حکومت کچرا نہ اُٹھا سکے وہ عوام کے دیگر مسائل کیا حل کرے گی،کراچی کو نفرت اور تعصبات کی سیاست نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت اور پی ڈی ایم کی سیاست کے ایجنڈے میں شریعت محمدی ؐ کا نفاذ اور اسلامی نظام کا قیام شامل نہیں ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی تبدیلی اور اسلامی انقلاب کی جدو جہد کر رہی ہے۔ ملک اور قوم کے تمام مسائل کا حل سود سے پاک معیشت اور اسلام کے عادلانہ و منصفانہ نظام کے قیام میں مضمر ہے۔ عوام نے 73سال فوجی حکمرانوں اور باقی سول حکمرانوں کی حکومت کو بھی دیکھا ہے۔ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ تین، تین بار حکومت کر چکی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو بھی ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے۔ ملک میں حکومتیں تو تبدیل ہوتی رہیں لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی، عوام کے خلاف ظالم و کرپٹ اشرفیہ، جاگیرداروں اور وڈیروں نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے ان کی اپنی جیبیں اور تجوریاں تو بھری ہیں لیکن عوام غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور جہالت کا شکار عوام کو حکمرانوں کے اس ٹولے سے نجات کے لیے جدو جہد کرنی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز جماعت اسلامی علاقہ گجرو کی جانب سے معززین علاقہ کے اعزاز میں استقبالیے سے بحیثیت مہمان خصوصی اور جامع مسجد عمر قاسم آباد، جھنجار گوٹھ ضلع شمالی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تازہ ترین