کراچی (نیوز ایجنسیاں) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) متحد ہے، پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں، حکومت کو آخری دھکے کی ضرورت ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرینگے۔
حکمرانوں کو اب مزید کورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے، نااہل ٹولے کو گھر بھیجیں گے۔
ان خیالات کا اظہار سابق صدر آصف علی زرداری نے اتوا ر کو پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ ملک شدید خطرات میں ہے ۔
حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔
حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گا۔اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔پی ڈی ایم متحد ہے حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو اب مزید کرونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔نہ یہ ویکسین خرید سکینہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاؤہ یہ کرونا پر عوام کی مدد کر سکے۔
آصف علی زرداری کا مذید کہنا تھاکہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26ارب تک بڑھائی۔ملک کا ریونیو ڈبل کیا۔ملازمین کی 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں۔سرکاری ملازمین کی پینشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دئے ہیں۔
سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے۔ اب یہ گر چکے ہیں۔بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔پی ڈی ایم کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔