سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) سلاخیں کاٹ کر ڈکیتی کے تین ملزمان فرار ہو گئے۔ رنگپورہ پولیس اسٹیشن سے ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزمان بلال، ثاقب اور وحیدحوالات کی سلا خیں کاٹ کر فرار ہوگئے۔ ملزمان کو ڈکیتی کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد علا قہ مجسٹریٹ سے ایک روز کا ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا تاہم ملزمان سے تفتیش سے قبل ہی پولیس کی لاپرواہی اور ناقص سیکورٹی کے انتظامات کی وجہ سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تھانے کی حوالات توڑ کر ڈاکوئوں کے فرار میں ملوث ہونے پر 2محرر اور ایک کانسٹیبل کے علاوہ ملزمان کے بہن بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا مگر ایس ایچ او کے خلاف کارووائی عمل میں نہ لائی جاسکی۔ سیالکوٹ کے تھانہ رنگپورہ سے صبح 4بجے کے قریب حوالات کی سلاخ کاٹ کر محمد وحید، ثاقب اور وحید فرار ہوگئے جبکہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو10بجے گنتی پر معلوم ہوا کے ڈکیتی کے تین ملزمان فرار ہو گئے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر حوالات میں بند دیگر قیدی فرار نہ ہوئے حالانکہ ان ملزمان میں قتل اور اقدام قتل کے الزامات تھے۔اطلاع کے باوجود ڈی پی او سیالکوٹ تا خیر سے تھانہ میں 11بجے دن پہنچے اور ایس ایچ او کو تین دن میں ملزمان گرفتار کرنے کی ہدایت دینے کے علاوہ انہیں صرف وارننگ دی۔گرفتار پولیس ملازمین میں محرر محمد اسلام، محمد سرفراز اور کانسٹیبل امانت علی شامل ہیں۔